وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے شہریوں کو ڈیجیٹل خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے نیشنل سائبر سیکیورٹی اینڈ سوشل میڈیا آگاہی کونسل قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
انہوں نے یہ تجویز اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زیر اہتمام سائبر سیکیورٹی آگاہی ہفتہ 2026ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیش کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مجوزہ کونسل میں صوبائی حکومتوں، وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کونسل کے قیام کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد سال بھر ہر سطح پر ڈیجیٹل آگاہی مہمات کو مؤثر انداز میں جاری رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائبر سیکیورٹی کے مختلف پہلوؤں کے پیش نظر ایک مربوط حکومتی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کے ہر شہری تک مؤثر انداز میں رسائی حاصل کی جا سکے۔
وزیر اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کو جدید ٹیکنالوجی سے پیدا ہونے والے خطرات اور ان سے نمٹنے کے طریقوں سے آگاہ کرنے کے لیے اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر نصاب میں ڈیجیٹل خواندگی کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے تقاضوں کے مطابق نصاب کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرنے کے لیے تحقیق پر مبنی نظام وضع کیا جانا چاہیے۔
عطا اللہ تارڑ نے ڈیجیٹل خواندگی کو ہر شہری کے لیے لازمی قرار دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر ادارے میں ڈیجیٹل خواندگی کا شعبہ قائم کیا جائے، جبکہ سرکاری افسران اور بیوروکریسی کو بھی اس حوالے سے ضروری تربیت فراہم کی جائے۔
