وزیراعظم کی گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو گلگت بلتستان میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے یہ ہدایات اسلام آباد میں گلگت بلتستان کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین بھی شریک تھے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں ترجیحی بنیادوں پر دور کی جائیں اور منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنائی جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے معیارِ زندگی میں بہتری وفاقی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔

اجلاس میں گلگت بلتستان میں پن بجلی، انفرااسٹرکچر اور شمسی توانائی کے منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام کے لیے شروع کیے گئے 100 میگاواٹ کے شمسی توانائی منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں نلتر پاور پراجیکٹ کی تکمیل، انسدادِ دہشت گردی کی صلاحیتوں میں اضافے اور خطے میں ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کی تنصیب سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔

وزیراعظم نے توانائی سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچنے چاہئیں۔

اجلاس میں گلگت بلتستان کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جو یکم نومبر کو ڈوگرہ راج سے آزادی اور پاکستان سے الحاق کے تاریخی دن کے طور پر منائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی بھی اس تاریخی موقع پر یکم نومبر کو گلگت بلتستان کا دورہ کرنے کی توقع ہے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کی ہدایت پر رواں سال جولائی میں قائم کی گئی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال، ان پر عمل درآمد میں حائل رکاوٹوں اور بروقت تکمیل کے لیے درکار اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

↑
Exit mobile version