وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ سال کے لیے گندم کی بنیادی قیمت چار ہزار پانچ سو روپے فی چالیس کلوگرام مقرر کی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق، یہ مجوزہ قیمت گزشتہ سال مقرر کردہ تین ہزار پانچ سو روپے فی چالیس کلوگرام کے مقابلے میں ایک ہزار روپے فی چالیس کلوگرام کا اضافہ ظاہر کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس اضافے کا مقصد پیداواری لاگت میں اضافے، پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مہنگائی کے دباؤ کے پیشِ نظر کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پیداواری لاگت وصول کرنے اور مناسب منافع کمانے میں مدد دے کر گندم کاشت کرنے کے لیے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے یقین ظاہر کیا کہ مجوزہ قیمت سے کسانوں کو آنے والے سیزن میں زیادہ گندم کاشت کرنے کی ترغیب ملے گی۔
وزیراعظم نے مشاورتی عمل میں صدر آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی کی تعریف کی۔
انہوں نے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کے تعاون اور قیمتی تجاویز کو بھی سراہا اور سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
