معاشی تعلقات کے فروغ کے لیے قریبی رابطہ کاری ضروری ہے: اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں شراکت دار ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے، پاکستانی برآمدات میں تنوع پیدا کرنے، سرمایہ کاری کے بہاؤ کو آسان بنانے اور سرحد پار تجارت میں طریقہ کار سے متعلق رکاوٹیں دور کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان مقاصد کے حصول کے لیے قابلِ عمل تجاویز تیار کی جائیں اور ان پر بروقت پیش رفت یقینی بنائی جائے، تاکہ دستیاب اقتصادی مواقع کو عملی نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔

اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے پاکستان کے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔

↑
Exit mobile version