جانوروں کی صحت اور بیماریوں کی نگرانی میں عالمی سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے، رانا تنویر

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے جانوروں کی صحت، بیماریوں کی نگرانی اور ون ہیلتھ نظام میں عالمی سطح پر مزید سرمایہ کاری پر زور دیا ہے۔

روم میں ایف اے او ہیڈکوارٹرز میں ’’ایف اے او اور پانڈیمک فنڈ: مضبوط حیوانی صحت کے نظام اور آئندہ وبا کی روک تھام کے لیے پائیدار حل‘‘ کے موضوع پر اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وباؤں کی روک تھام کے لیے انسان، جانور اور ماحول کے باہمی تعلق سے پیدا ہونے والے خطرات سے پہلے ہی نمٹنا ضروری ہے۔

رانا تنویر نے بتایا کہ پاکستان میں تمام صوبوں اور خطوں کی منظوری سے الیکٹرانک اینیمل ڈیزیز رپورٹنگ اینڈ سرویلنس سسٹم کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑے اور پیچیدہ وفاقی نظام میں ون ہیلتھ اپروچ پر عملدرآمد کا تجربہ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے ایف اے او، پانڈیمک فنڈ سیکریٹریٹ اور رکن ممالک کے ساتھ مزید تعاون کا خیرمقدم کیا۔

وفاقی وزیر نے جانوروں کی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور ون ہیلتھ اپروچ کے فروغ میں ایف اے او کی تکنیکی معاونت کو سراہتے ہوئے وباؤں سے بچاؤ، تیاری اور ردعمل کے لیے مسلسل عالمی تعاون اور پائیدار مالی معاونت پر زور دیا۔

↑
Exit mobile version