دنیا بھر سمیت پاکستان میں آج ذیابیطس کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج ذیابیطس (شوگر) سے بچاؤ اور اس کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

رواں سال اس دن کا موضوع ’’ذیابیطس کے خلاف بروقت اقدامات‘‘ رکھا گیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اس موقع پر جاری بیان میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں تقریباً 3 کروڑ 45 لاکھ افراد ذیابیطس کے مرض سے متاثر ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے ذیابیطس سے بچاؤ اور اس کی بروقت تشخیص کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیماری کی ابتدائی مرحلے میں شناخت سے فوری علاج ممکن بنانے، صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور سنگین پیچیدگیوں سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے متوازن اور صحت بخش غذا کے استعمال، ہفتے میں کم از کم 150 منٹ ورزش اور باقاعدگی سے طبی معائنے کروانے کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔

پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر لوو داپینگ نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈبلیو ایچ او ذیابیطس کی روک تھام، بروقت تشخیص اور فوری علاج کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومت پاکستان اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

↑
Exit mobile version