افغان سرزمین کو دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات ضروری ہیں، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے افغان سرزمین کو بالخصوص پاکستان سمیت پڑوسی ممالک کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے ٹھوس اور قابلِ تصدیق اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر افغانستان سے متعلق او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اسحاق ڈار نے افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں حالیہ دہشتگرد حملے کو خطے سے لاحق خطرے کی واضح مثال قرار دیتے ہوئے دہشتگرد گروہوں اور ان کی پناہ گاہوں کے خلاف فوری اقدامات پر زور دیا۔

نائب وزیراعظم نے افغان طالبان پر زور دیا کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں اور وعدوں کی پاسداری کریں، دہشتگرد گروہوں کی سرپرستی ختم کریں، خواتین اور بچیوں پر عائد پابندیاں ختم کریں، سیاسی طور پر جامع طرز حکمرانی کو فروغ دیں اور افغان واپس آنے والوں کی آبادکاری و انضمام میں سہولت فراہم کریں۔

انہوں نے افغانستان کی انسانی ضروریات اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مناسب عالمی مالی معاونت کی بھی اپیل کی۔

اسحاق ڈار نے افغانستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

Exit mobile version