پاکستان اور انڈونیشیا نے تربیت، باہمی دوروں اور مشترکہ بحری مشقوں کے ذریعے دوطرفہ بحری تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ عزم چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور انڈونیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دونوں ممالک کے درمیان بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انڈونیشین نیوی کے سربراہ نے علاقائی بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں اور اقدامات کو سراہا۔
نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ انہوں نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔
کراچی کے دورے کے دوران انڈونیشین نیوی کے سربراہ نے پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق، یہ دورہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی اور بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ہوگا۔
