پاکستان نے سعودی عرب کے ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے ایک بیان میں کہا کہ حملوں کے ذریعے شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون اور برادر ملک سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
ترجمان نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سا لمیت،سکیورٹی اور خوشحالی کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کیلئے مخلصانہ کوششیں کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی جاری رکھے گا۔
