نیوزی لینڈ کی پاکستان کے ساتھ ایگری ٹیک میں تعاون میں دلچسپی

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص ایگری ٹیک (زرعی ٹیکنالوجی) میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

یہ دلچسپی نیوزی لینڈ کے پاکستان میں نامزد ہائی کمشنر ڈیوڈ پائن نے آج اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران ظاہر کی۔

ڈیوڈ پائن نے پاکستان کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے نیوزی لینڈ کے طریقہ کار سے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط قائم کرنے اور عملی تجارتی شعبوں کی نشاندہی کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی اسکالرز اور طلبہ کی بڑی تعداد، خصوصاً زراعت سے متعلق شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر خزانہ نے تعلیمی مواقع کو پاکستان میں عملی نتائج سے جوڑنے، تربیت یافتہ ماہرین کی وطن واپسی اور ان کے علم و تجربے سے استفادہ کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔

محمد اورنگزیب نے ڈیجیٹل سروسز، ٹیکنالوجی اور نوجوان ٹیلنٹ سمیت نئی معیشت میں مزید تعاون کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی۔

Exit mobile version