یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر ملیئر اور کوئٹہ گیریژنز میں پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
ملیئر میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، کور کمانڈر کراچی، سندھ رینجرز اور پولیس کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ اور کور کمانڈر کراچی نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
پاکستان آرمی کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ اور کور کمانڈر کراچی نے شہداء کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی اور مادرِ وطن کے دفاع میں ان کے پیاروں کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بلوچستان میں مرکزی تقریب کوئٹہ میں منعقد ہوئی، جس میں گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان، کور کمانڈر اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ پاکستان آرمی کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر سلامی پیش کی، جبکہ سول و عسکری حکام نے پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔
یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر گوادر کی سڑکوں کو قومی عزم، قربانی، ثابت قدمی اور بہادری کو اجاگر کرنے والے بینرز سے سجایا گیا۔
فرنٹیئر کور بلوچستان کی جانب سے بھی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
بلوچستان بھر کے عوام نے وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے دفاع میں شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
