بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کا امن سے عزم کمزوری نہ سمجھا جائے: وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں وہ مقدس امانت ہیں جن پر پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی قائم ہے۔

یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے پاکستان کے شہداء کی لازوال بہادری، غازیوں کی شجاعت اور ان کے خاندانوں کے غیر متزلزل عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ 1965ء کے معرکوں سے لے کر معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کی شاندار کامیابی تک، مسلح افواج نے ثابت کیا ہے کہ 6 ستمبر کا جذبہ آج بھی پوری طرح زندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاکستان آرمی، پاکستان ایئر فورس اور پاکستان نیوی کے بہادر سپوتوں اور بیٹیوں کے ساتھ فخر کے ساتھ کھڑی ہے۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم امن کے لیے اس کے عزم کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کی صلاحیت اور عزم رکھتا ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی اور جارحیت کو فیصلہ کن انداز میں شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے قوم پر زور دیا کہ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ایک متحد، پُرامن اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کی تعمیر ہے، جو قائداعظم کے اصولوں ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے وابستہ رہے۔

وزیراعظم نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات بلند کرنے اور وطنِ عزیز کی ہمیشہ حفاظت کی دعا بھی کی۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button