وزیر ریلوے کی رسالپور لوکوموٹیو فیکٹری کی مکمل بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان لوکوموٹیو فیکٹری رسالپور کو عالمی معیار کے مطابق مکمل طور پر جدید بنایا جائے اور اس کی پیداواری صلاحیت سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے یہ ہدایات آج فیکٹری کے دورے کے دوران جاری کیں۔

اس موقع پر وزیر ریلوے نے فیکٹری کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا، جن میں پیداوار کی سرگرمیاں، انجنوں کی مرمت و بحالی اور اسپیئر پارٹس کی مقامی تیاری شامل ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سال کے اختتام تک تمام ٹرینوں کو مکمل طور پر فعال بریکنگ سسٹم سے لیس کیا جائے تاکہ آپریشنل سیفٹی اور کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

حنیف عباسی نے AGE-30 لوکوموٹیوز کی تیاری ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے اور آئندہ سال سے 400 ہاپر ویگنز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر ریلوے کو بتایا گیا کہ رسالپور فیکٹری میں اب تک 300 اسپیئر پارٹس مقامی طور پر تیار کیے جا چکے ہیں، جس کے نتیجے میں 2.6 ارب روپے کے زرمبادلہ کی بچت ہوئی ہے۔

انہیں مزید بتایا گیا کہ 15 AGE-30 لوکوموٹیوز کو جدید بنانے کا کام جاری ہے، جبکہ مزید 16 AGE-30 ڈیزل الیکٹرک لوکوموٹیوز کی بحالی کا کام آئندہ ماہ سے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

Exit mobile version