بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان اور سعودی عرب کا زرعی و غذائی برآمدات 3 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب نے آئندہ دو سال کے دوران پاکستان کی سعودی عرب کو زرعی اور غذائی مصنوعات کی برآمدات 3 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاقِ رائے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے کامیاب مذاکرات کے دوران ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین جبکہ سعودی وفد کی قیادت وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمن اے الفاضلی نے کی۔

مذاکرات سعودی وفد کے 26 سے 28 اگست تک اسلام آباد کے دورے کے دوران ہوئے، جو وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی پر منعقد کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سعودی وفد سے ملاقات کی اور زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

دورے کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق چاول، سرخ گوشت، پھل اور فروٹ کنسنٹریٹس، سبز چارہ اور پانی کی بچت کرنے والی زرعی ٹیکنالوجیز کو تعاون کے ترجیحی شعبوں میں شامل کیا گیا ہے، خصوصاً سعودی نجی شعبے کے ساتھ تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے 2025 میں سعودی عرب کو تقریباً 1 لاکھ 69 ہزار ٹن چاول برآمد کیے، جن کی مالیت تقریباً 163 ملین ڈالر تھی۔ سعودی فریق نے آنے والے برسوں میں پاکستان سے چاول کی درآمد مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

دونوں جانب سے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کو سالانہ تقریباً 30 ہزار ٹن سرخ گوشت کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کی مالیت 167 ملین ڈالر بتائی گئی۔

پاکستان اور سعودی عرب نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط اور باہمی کاروباری شراکت داری کو فروغ دینے، جبکہ پھلوں اور فروٹ کنسنٹریٹس کی برآمدات بڑھانے کے لیے معیار کی اسناد کو باہمی طور پر تسلیم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

سبز چارے کو بھی تجارت بڑھانے اور طویل مدتی فراہمی کے معاہدوں کے قیام کے لیے ایک اہم شعبہ قرار دیا گیا۔

دونوں ممالک نے پنجاب کے ضلع بھکر میں پانی کی بچت کرنے والے آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کا خیرمقدم کیا اور چھوٹے کسانوں کے لیے اس پروگرام کے دوسرے مرحلے کی تجویز میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

سعودی وفد نے پاکستان کو انٹرنیشنل ڈیٹس کونسل میں شمولیت کی بھی ترغیب دی، جس کا پاکستانی فریق نے خیرمقدم کیا۔

ملاقاتوں کے دوران پاکستانی نجی شعبے کی جانب سے لائیو اسٹاک، زرعی و غذائی مصنوعات کی پروسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین میں پیش کردہ سرمایہ کاری کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

سعودی وفد کو پاکستان سعودی عرب ایگریکلچر اینڈ فوڈ اسٹریٹجک پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وفد نے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل، فوجی فاؤنڈیشن اور پاکستان سعودی عرب ایگری بزنس فورم کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں جبکہ نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر کا دورہ بھی کیا۔

پاکستان نے ریاض میں 19 سے 22 اکتوبر تک ہونے والی 43ویں سعودی ایگریکلچر نمائش میں شرکت کی دعوت بھی قبول کر لی ہے۔

دونوں ممالک نے سعودی وفد کے دورے کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طے پانے والے معاملات کو عملی تعاون میں تبدیل کرنے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button