
قومی
یوسف رضا گیلانی کا عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پارلیمانی اتحاد پر زور
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مسلح تنازعات، دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور معاشی عدم مساوات سمیت عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پارلیمانی اتحاد اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات کمبوڈیا کے دارالحکومت پنوم پنہ میں دوسری بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری کو محض عزم تک محدود رکھنے کے بجائے اسے عملی اقدامات، مؤثر مکالمے اور قابلِ عمل نتائج کی جانب لے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (ISC) ابھرتے ہوئے بحرانوں پر فوری پارلیمانی ردعمل کے لیے مؤثر طریقہ کار وضع کرے۔
چیئرمین سینیٹ نے امن اور استحکام کی بنیاد کے طور پر بین الاقوامی قانون کی پاسداری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔















