
پاکستان کا سوڈان بحران سے نمٹنے کے لیے مسلسل عالمی رابطہ کاری پر زور
پاکستان نے سوڈان کی بگڑتی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مسلسل عالمی رابطہ کاری، تعاون اور بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل پاسداری پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پائیدار حل کی جانب واحد قابلِ عمل راستہ سوڈان کی قیادت میں اور سوڈان کی ملکیت میں سیاسی عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک پُرامن، مستحکم اور متحد سوڈان پورے افریقہ کی خوشحالی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ جاری لڑائی، بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور بگڑتا انسانی بحران علاقائی استحکام کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔
دریں اثنا، پاکستان کے نمائندے نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ یوکرین میں فوری طور پر لڑائی کے خاتمے، سفارت کاری کی بحالی اور بامعنی مذاکرات کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے شہری آبادی پر تنازع کے اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں اضافے اور توانائی و خوراک کی اہم تنصیبات پر حالیہ حملوں کی مذمت کی۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ یوکرین میں پائیدار امن کے لیے ایسا باہمی طور پر قابلِ قبول تصفیہ ضروری ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور تمام فریقوں کے سلامتی سے متعلق مفادات کا احترام کرے۔















