وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوگل کے پاکستان دفتر کی بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی کرتے ہوئے اسے پاکستان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں گوگل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ وفد کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں اس کے مزید دورے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوگل نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایک معروف نام ہے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے کمپنی کے ساتھ شاندار شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک دلچسپ اتفاق ہے کہ گوگل کا وفد ایسے وقت پاکستان آیا ہے جب ملک میں حکمرانی کے مختلف شعبوں میں بڑی ڈیجیٹل تبدیلی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر ملکی معیشت کو بہتر سمت میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ نے پاکستان کے اپنے پہلے دورے کو باعثِ اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ گوگل گزشتہ ایک دہائی سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تعاون کے لیے پرعزم ہے، جبکہ پاکستان میں مقامی دفتر کا قیام ایک خصوصی موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کا وژن گوگل کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ دس برسوں کے دوران گوگل نے پاکستان کے مقامی کاروباروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمی میں کردار ادا کیا اور 9 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتوں کی معاونت کی۔
ولسن وائٹ نے کہا کہ گوگل پاکستان کے آئی ٹی برآمدات کے اہداف میں تین اہم طریقوں سے تعاون کرے گا، جن میں پاکستانی عوام میں سرمایہ کاری، برآمدی ہارڈویئر سے متعلق مینوفیکچرنگ اور انفراسٹرکچر، اور مقامی کاروباروں میں سرمایہ کاری شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گوگل نے اپنے کیریئر سرٹیفکیٹ پروگرامز کے ذریعے، اسکولوں اور اساتذہ کے تعاون سے، 10 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی مہارتوں میں اضافے میں کردار ادا کیا ہے۔
گوگل کے نائب صدر نے مزید اعلان کیا کہ پاکستان کے تمام طلبہ کے لیے گوگل جیمنی کی سبسکرپشن ایک سال کے لیے مفت کی جائے گی، جس کا باضابطہ اعلان ہفتے کے آخر میں کیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم نے گوگل ٹیم اور پاکستانی حکام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان اور گوگل کی شراکت داری کے لیے ایک شاندار دن اور طویل تعاون کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جدید آلات، تکنیک اور ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنائے گی۔
وزیراعظم نے گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ کا پاکستان کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ دورہ مستقبل میں اس نوعیت کے مزید دوروں کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری ایک خوبصورت پھول کی طرح پروان چڑھے گی۔
امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے بھی اس موقع پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی۔
