صدر مملکت کی انڈونیشیا کے یوم آزادی پر قیادت اور عوام کو مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری نے انڈونیشیا کے یوم آزادی کے موقع پر صدر پرابوو سوبیانتو، حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت نے اپنے خط میں کہا کہ یہ تاریخی دن انڈونیشیا کے عوام کے جذبے، استقامت اور عزم کی یاد تازہ کرتا ہے، جبکہ آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد میں ملک کے بانی رہنماؤں کی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد، مشترکہ عقیدے اور دوطرفہ، علاقائی و عالمی سطح پر تعاون پر مبنی قریبی اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی ہے۔

صدر مملکت نے اعتماد ظاہر کیا کہ گزشتہ سال صدر پرابوو سوبیانتو کے دورہ پاکستان سے پیدا ہونے والی مثبت پیش رفت دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے تعاون کو مزید گہرا کرے گی۔

آصف علی زرداری نے انڈونیشیا کے عوام کے لیے مسلسل امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Exit mobile version