وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت مالی شمولیت کے فروغ اور ملک کو کیش لیس معیشت کی جانب لے جانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں جے ایس بینک کے تحت زیڈ والٹ (Z-Wallet) کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے زونگ، زِندگی اور جے ایس بینک کے درمیان تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد مالی شمولیت کو فروغ دینا اور ٹیکنالوجی پر مبنی مالی خدمات کے ذریعے شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام کنیکٹیویٹی، ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ بینکنگ کو یکجا کرکے عام شہریوں کے لیے مالی خدمات تک رسائی کو مزید آسان بنائے گا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ شہری پہلے سے استعمال کیے جانے والے پلیٹ فارمز کے ذریعے مالی خدمات سے زیادہ آسانی سے استفادہ کرسکیں گے۔
انہوں نے ٹیکنالوجی، ٹیلی کام سروسز، انٹرنیٹ بینکنگ اور مالی شمولیت سے متعلق اقدامات کے لیے حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں، جدت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔
وزیر مملکت نے ڈیجیٹل مالی خدمات کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں میں مقررہ اہداف کے حوالے سے حاصل ہونے والی پیش رفت بھی بیان کی۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ شہریوں کو حکومت کو کی جانے والی ہر ادائیگی کے لیے کم از کم ایک ڈیجیٹل ادائیگی کا آپشن دستیاب ہو، خواہ وہ ٹول ٹیکس، موٹر وہیکل لائسنس کی فیس یا یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی ہو۔
