بھارت کا یوم آزادی، دنیا بھر کے کشمیری یوم سیاہ کے طور پر منا رہے

لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد جموں و کشمیر پر بھارت کے مبینہ غیر قانونی قبضے کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم سیاہ منانے کی اپیل آل پارٹیز حریت کانفرنس نے کی ہے۔

دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم کشمیری بھی بھارت مخالف مظاہرے کر رہے ہیں تاکہ مقبوضہ علاقے میں جاری مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی جا سکے۔

آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھی بھارت مخالف مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور مقبوضہ علاقے کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا رہا ہے۔

مظفرآباد میں یوم سیاہ کے سلسلے میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے آزاد کشمیر چیپٹر اور پاسبانِ حریت کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔ شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور مرکزی شاہراہوں پر مارچ کرتے ہوئے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔

مقررین نے کہا کہ بھارت کو یوم آزادی منانے کا حق نہیں کیونکہ ان کے بقول اس نے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔

نیلم شہر میں بھی یوم سیاہ کے حوالے سے ریلی نکالی گئی۔

Exit mobile version