صدر مملکت، وزیراعظم کا دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج ایوانِ صدر اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے صدر مملکت کو مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ صدر آصف علی زرداری نے تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور مسلم امہ کی سلامتی کے لیے طے پانے والے سہ فریقی امن معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ان کوششوں کو سراہا جن کے ذریعے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔

ملاقات میں ملکی و عالمی امور سمیت فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں معاشی مشکلات کا سامنا کرنے والے عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ضروری اشیائے خورونوش و دیگر بنیادی اشیا کی مناسب قیمتوں پر بلا تعطل دستیابی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی مؤثر سفارتی کوششیں عالمی برادری میں ملک کے مقام کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ قومی معیشت اور عوام کی زندگیوں پر بھی مثبت اثرات مرتب کریں گی۔

Exit mobile version