پاکستان ویمنز نیٹ بال ٹیم نے ہانگ کانگ میں جاری ایشیائی نیٹ بال چیمپئن شپ 2026 پلیٹ ڈویژن کے سیمی فائنل میں جاپان کو 53-25 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، اور یوں جشنِ آزادی کی آمد سے قبل قوم کو یہ شاندار کامیابی تحفے کے طور پر پیش کر دی۔
‘گرین شرٹس’ نے میچ کے دوران عمدہ ٹیم ورک، نظم و ضبط اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار فتح اپنے نام کی۔ ٹیم کی جانب سے صبا نور انور، لیا رضا شاہ، حنا چوہدری، سرینا نسیم، جسمین، فرح، نورالعین اور سمایا صفدر نے بہترین کھیل پیش کیا۔
پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین ظفر اقبال اعوان، صدر ملک امین خان اور سیکرٹری محمد ریاض نے اس شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور آفیشلز کو مبارکباد پیش کی اور فائنل کے لیے ٹیم کی کامیابی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
فیڈریشن نے پاکستان میں نیٹ بال کے فروغ میں گراں قدر تعاون پر ٹیم کے آفیشل اسپانسرز جے ایس بینک اور وی لیڈ انک کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
پاکستان ایشیائی نیٹ بال چیمپئن شپ 2026 پلیٹ ڈویژن کا فائنل ہفتہ، 15 اگست کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
