
بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو انٹیلی جنس کارروائیاں، 12 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی دو کامیاب کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، جس کے بعد مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع مستونگ میں آج ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں مزید چھ دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کا ٹھکانہ بھی تباہ کر دیا گیا۔
بیان کے مطابق یہ کارروائیاں "ردالفتنہ-3” کے تحت جاری انسدادِ دہشت گردی مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کا خاتمہ ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ "عزمِ استحکام” وژن کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔















