الیگزینڈرا ایالا نے واشنگٹن اوپن جیت کر تاریخ رقم کر دی

فلپائن کی نوجوان ٹینس اسٹار الیگزینڈرا ایالا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مبادلہ ڈی سی اوپن کا سنگلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں انہوں نے ٹاپ سیڈ جیسیکا پیگولا کو 4-6، 6-4 اور 6-0 سے شکست دے کر اپنے کیریئر کا پہلا ڈبلیو ٹی اے ٹور سنگلز ٹائٹل جیت لیا۔

21 سالہ الیگزینڈرا ایالا ڈبلیو ٹی اے ٹور سنگلز ٹائٹل جیتنے والی فلپائن کی پہلی ٹینس کھلاڑی بن گئی ہیں۔ وہ ہفتے کے آغاز پر عالمی درجہ بندی میں 28 ویں نمبر پر تھیں، جبکہ اس کامیابی کے بعد ان کے پہلی بار عالمی ٹاپ 20 میں شامل ہونے کی توقع ہے۔

فائنل کا آغاز اتوار کو ہوا تھا، تاہم شدید بارش اور آسمانی بجلی کے باعث مقابلہ اس وقت روک دیا گیا جب جیسیکا پیگولا 6-4، 2-1 سے آگے تھیں۔ پیر کو کھیل دوبارہ شروع ہوا تو ایالا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میچ پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا اور ایک گھنٹہ 45 منٹ میں کامیابی اپنے نام کر لی۔

میچ کے دوران ایالا نے اپنی پہلی سروس پر غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور پہلی سروس پر کھیلے گئے 45 میں سے 38 پوائنٹس جیتے۔ انہوں نے نو میں سے چار بریک پوائنٹس بھی حاصل کیے اور مجموعی طور پر 140 میں سے 79 پوائنٹس اپنے نام کیے۔

کامیابی کے بعد الیگزینڈرا ایالا نے اپنے مداحوں، خصوصاً دنیا بھر میں موجود فلپائنی کمیونٹی، اہل خانہ اور دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہر طرف سے بے پناہ محبت ملی، جس نے انہیں اس تاریخی کامیابی کے لیے حوصلہ دیا۔

واضح رہے کہ جیسیکا پیگولا واشنگٹن اوپن کی 2019 کی چیمپئن رہ چکی ہیں اور اپنے کیریئر کے 12ویں ٹائٹل کی تلاش میں تھیں، جبکہ ایالا نے فائنل تک رسائی کے دوران دفاعی چیمپئن لیلہ فرنینڈیز، دوسری سیڈ ایلینا سویٹولینا اور تیسری سیڈ ناؤمی اوساکا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

Exit mobile version