وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی کے فروغ سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے ملک میں سرمایہ کاری اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ملک میں پبلک ایکویٹی مارکیٹ اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے فروغ کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرکے جلد پیش کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے لئے فنڈز دستیاب ہوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے راہ ہموار ہو۔
شہبازشریف نے کہا کہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ معیشت میں سرمایہ کاری، کاروباری وسعت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک موثر محرک کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبے پاکستان کی معیشت کی ترقی کے بنیادی محرک بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے پبلک ایکویٹی مارکیٹ ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بینکاری شعبے کی جانب سے سرمایہ کاری کا حجم ابھی بھی محدود ہے، جس کے باعث متبادل سرمایہ کاری ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات کو ترجیح دے رہی ہے جو نجی شعبے کی قیادت میں سرمایہ کاری، صنعت اور برآمدات کے فروغ کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کریں۔
