وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2027 کے خواہشمند عازمین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پاسپورٹ پیشگی بنوا لیں یا ان کی تجدید کروا لیں تاکہ حج درخواست کے عمل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان محمد عمر بٹ نے بتایا کہ وزارت نے اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس سے ضروری سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وزارت کی درخواست پر ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ حج 2027 کے خواہشمند افراد کو پاسپورٹ کے حصول اور تجدید کے معاملے میں سہولت فراہم کی جائے۔
نئے انتظامات کے تحت حج 2027 کے عازمین معمول کی مدت سے پہلے بھی اپنے پاسپورٹ کی تجدید کرا سکیں گے۔
محمد عمر بٹ نے واضح کیا کہ حج 2027 کے درخواست گزاروں کے پاس ایسا پاکستانی پاسپورٹ ہونا ضروری ہے جو 16 نومبر 2027 تک قابلِ استعمال ہو، اس کے بعد ہی حج درخواست کے اگلے مرحلے میں پیش رفت کی جا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ درست اور قابلِ عمل پاکستانی پاسپورٹ کے بغیر حج 2027 کی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔
