پاکستان اور قطر نے داخلی سلامتی کے شعبے میں باہمی تعاون اور شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
اس اتفاقِ رائے کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی کے درمیان دوحہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور قطر کے درمیان سیکیورٹی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی امن اور استحکام سے متعلق امور پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان، قطر کے ساتھ داخلی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔
