نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر جمہوریہ بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریژینکوف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں فریقوں نے آئندہ ماہ پاکستان میں ہونے والے پاکستان-بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس اور اعلیٰ سطح کے روابط کے تسلسل کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے، دفاع، زراعت، ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں اشتراک کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے جامع تعاون کے روڈ میپ (2025-2027) پر عملدرآمد کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریژینکوف نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے خطے میں امن اور سلامتی کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔
