پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے 211 رنز کا ہدف 42 گیندیں قبل حاصل کر لیا۔
اس کامیابی کے ساتھ فاطمہ ثناء کی قیادت میں پاکستان نے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 میں مسلسل پانچویں ون ڈے فتح حاصل کر لی ہے۔ سات میچوں کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو گل فیروزہ اور صدف شمس نے 58 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ صدف شمس 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جبکہ گل فیروزہ نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے مسلسل چوتھی نصف سنچری اسکور کی۔
پلیئر آف دی میچ گل فیروزہ نے 77 گیندوں پر 78 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے سدرہ امین کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 90 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس نے پاکستان کی فتح کی بنیاد رکھ دی۔
سدرہ امین نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 84 گیندوں پر 57 رنز بنائے، جبکہ عائشہ ظفر 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے چماری اتھاپتھو اور نیلکشیکا سلوا نے 46،46 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے نشرا سندھو نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور ویمنز ون ڈے کرکٹ میں اپنی وکٹوں کی مجموعی تعداد 120 تک پہنچا دی۔ تسمیہ رباب نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ امِ ہانی، سیدہ عروب شاہ اور فاطمہ ثناء نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سیریز کا دوسرا ون ڈے 25 جولائی کو اسی میدان، مہندا راجا پاکسے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا۔
