مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، فتنہ الہندستان کے 6 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے خد کوچہ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا، جن میں سہولت کار، مرد اور خواتین خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے، جبکہ وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

حال ہی میں مستونگ کے علاقے خد کوچہ میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کر دیے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان بھر میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں اور دہشت گرد عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔

Exit mobile version