چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں کہیں بھی دہشت گردوں کا انفراسٹرکچر ملک اور عوام کے لیے خطرہ بنے گا، اسے مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔
وہ راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان کے خلاف ہدفی کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ مل کر بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم عناصر مسلسل بلوچستان میں تشدد، بدامنی اور عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کے اتحاد و ثابت قدمی سے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، جبکہ یہاں کے محب وطن، باصلاحیت اور ثابت قدم عوام بلوچستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام دوست اور جامع حکمت عملی کے ذریعے بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کو نئی جہت دینا ہے۔
انہوں نے قومی یکجہتی کے فروغ اور بلوچستان میں پائیدار امن و خوشحالی کے لیے سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی اتحاد، ثابت قدمی اور اجتماعی عزم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی عوامل پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کی بنیاد ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خودمختاری کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
