بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کا پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

یہ بات انہوں نے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کینیڈین وزیر خارجہ کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت بالخصوص زرعی خوراک (ایگری فوڈز)، ویکسین سازی، قابلِ تجدید توانائی، آٹوموبائل اور آٹو پارٹس کی صنعت میں تعاون کو مزید فروغ دیا جانا چاہیے۔

شہباز شریف نے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ جلد ان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ انہوں نے اپریل میں کینیڈین وزیراعظم سے ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کو یاد کرتے ہوئے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر کینیڈا کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم مارک کارنی کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ ان کا یہ دورہ وزیراعظم مارک کارنی کی ہدایت پر پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔

انیتا آنند نے کہا کہ کینیڈا کی حکومت تجارت اور باہمی تعاون کے نئے مواقع، خصوصاً زراعت، معدنیات، توانائی، آٹوموبائل اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کے معاہدے (FIPPA) کے ذریعے کینیڈین سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سرمایہ کاری پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستانی نژاد کینیڈین کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تجارت اور معدنیات کے شعبے میں وفود کا تبادلہ کیا جائے گا تاکہ باہمی مفاد کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button