وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ٹیکس دہندگان کی معلومات کے تحفظ کے لیے سائبر سکیورٹی صلاحیتوں اور محفوظ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں مسلسل سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نیشنل فیس لیس سینٹر کے نفاذ کے روڈ میپ اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس میں ایف بی آر کے نئے ٹیکس آپریٹنگ ماڈل کے تحت قائم کیے جانے والے نیشنل فیس لیس سینٹر پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس کا مقصد ٹیکنالوجی سے لیس، مرکزی اور شفاف ٹیکس انتظامی نظام قائم کرنا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نیشنل فیس لیس سینٹر ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم اصلاحاتی اقدام ہے، جس سے ڈیجیٹلائزیشن، معیاری نظام اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے نئے آپریٹنگ ماڈل کے ملک بھر میں نفاذ سے قبل ایک مؤثر اور جامع پائلٹ مرحلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے نظام کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے گا۔
وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ نئے نظام کے مکمل نفاذ سے پہلے آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنایا جائے، ممکنہ رکاوٹوں کی بروقت نشاندہی کی جائے اور حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں نظام کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ نئے ٹیکس نظام کی جانب منتقلی مؤثر اور ہموار انداز میں مکمل ہو سکے۔
