پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تجارت سے متعلق معاہدے (Agreement on Reciprocal Trade) پر مذاکرات واشنگٹن ڈی سی میں ہوئے، جن میں معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے، جہاں دونوں فریقین نے باہمی اختلافات کو دور کرنے اور مختلف امور پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے مثبت پیش رفت کی، تاکہ معاہدے کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا سکے۔
پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری تجارت جواد پال نے کی، جنہوں نے مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے درمیان مجوزہ باہمی تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
