پاکستان تیزی سے سرمایہ کاری، جدت اور علاقائی کاروبار کے لیے ایک پرکشش مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے سرمایہ کاری، جدت اور علاقائی کاروبار کے لیے ایک پرکشش مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، جس کی بنیاد تیزی سے ترقی کرتی آئی ٹی اور ڈیجیٹل معیشت ہے۔

احسن اقبال نے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں ڈیلاس ریجنل چیمبر کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بریڈ چیوز (Brad Cheves) سے ملاقات کے دوران کہا کہ حکومت جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر سرمایہ کاری کر رہی ہے، جبکہ متعدد بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں کامیابی سے تحقیق، ترقی (R&D) اور بیک آفس آپریشنز چلا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکی ریاست ٹیکساس کے درمیان آب و ہوا، قدرتی وسائل اور کاروباری مواقع کے حوالے سے نمایاں مماثلت پائی جاتی ہے، جبکہ پاکستانی نژاد امریکی برادری دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، تعلیم اور صاف توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دونوں جانب سے پاکستانی اور امریکی چیمبرز آف کامرس کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے، پاکستانی جامعات اور امریکہ کی ممتاز یونیورسٹیوں کے درمیان تعلیمی و تحقیقی شراکت داری کو فروغ دینے، اور پاکستان میں امریکی جامعات کے کیمپس قائم کرنے کے امکانات پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ڈیلاس ریجنل چیمبر کی قیادت میں ٹیکساس کی معروف کمپنیوں کا ایک وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، جہاں وہ سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ بڑی جامعات، آئی ٹی کمپنیوں، لاجسٹکس اداروں اور چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں سے ملاقاتیں کرے گا۔

Exit mobile version