پاکستان اور مراکش نے دونوں ممالک کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے مراکش کے دارالحکومت رباط میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین اور مراکش کے وزیر زراعت، ماہی گیری، دیہی ترقی اور جنگلات احمد البواری کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔
ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس میں پاکستان اور مراکش کے درمیان دوستانہ اور مضبوط تعلقات کی عکاسی ہوئی۔
دونوں وزراء نے زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور زرعی تجارت، لائیو اسٹاک کی ترقی، استعداد کار میں اضافے اور جدید زرعی مہارتوں و تکنیکی تجربات کے تبادلے کو مزید وسعت دینے پر تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے مراکشی وزیر احمد البواری کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
مراکشی وزیر نے اس دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ سطح کے باہمی دوروں سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور زرعی شعبے میں باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو نئی جہت ملے گی۔
دونوں وزراء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور مراکش زراعت، غذائی تحفظ اور دیہی ترقی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے۔
