چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کنگ فہد یونیورسٹی اسٹیڈیم کا دورہ، سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ پر زور

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کے ہمراہ کنگ فہد یونیورسٹی کے اسٹیڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسٹیڈیم کی سہولیات اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران محسن نقوی نے اسٹیڈیم کے مختلف حصوں اور تماشائیوں کے لیے قائم انکلوژرز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر مجوزہ اپ گریڈیشن، جدید انفراسٹرکچر اور اسٹیڈیم کی بہتری سے متعلق مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔

چیئرمین پی سی بی کو اسٹیڈیم کی موجودہ سہولیات، مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں اور طویل المدتی حکمتِ عملی کے حوالے سے جامع بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ یہ اسٹیڈیم سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا اور مستقبل قریب میں یہاں بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کی بھرپور معاونت اور کرکٹ کی ترقی کے لیے ان کی مسلسل کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

محسن نقوی نے کہا، "پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے سعودی عرب میں کرکٹ کے شاندار سفر کا حصہ بننا ایک بڑا اعزاز ہے۔ ہم خطے میں کرکٹ کے فروغ اور اس کھیل کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔”

Exit mobile version