این سی اے ریڈ بال کیمپ میں کھلاڑیوں کی بھرپور ٹریننگ، امام الحق نے طویل کیمپ کو خوش آئند قرار دے دیا

لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کا ریڈ بال کیمپ بھرپور انداز میں جاری ہے، جہاں کھلاڑی این سی اے اور قومی ریڈ بال کوچز کی نگرانی میں مختلف شعبوں میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

ایل سی سی اے گراؤنڈ پر منعقدہ نیٹ سیشنز میں بیٹرز نے اپنی بیٹنگ تکنیک کو بہتر بنانے پر توجہ دی، جبکہ بولرز نے کوچز کی رہنمائی میں اپنی لائن، لینتھ اور ردھم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھرپور محنت کی۔

کیمپ کا مقصد قومی کھلاڑیوں کی ریڈ بال کرکٹ کے لیے تیاریوں کو مزید مضبوط بنانا ہے تاکہ وہ آئندہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔

اس موقع پر پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق نے کہا کہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک سیزن سے قبل طویل دورانیے کے اس کیمپ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ میں فٹنس، بنیادی مہارتوں اور تکنیک پر بھرپور انداز میں کام کیا جا رہا ہے، جس سے کھلاڑیوں کو نمایاں فائدہ پہنچ رہا ہے۔

امام الحق نے کہا کہ طویل عرصے بعد اس نوعیت کا جامع کیمپ منعقد کیا گیا ہے، جو کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی کوچز اور اکیڈمی کوچز کا باہمی تعاون نہایت ضروری ہے، کیونکہ کھلاڑی سال بھر اکیڈمی کوچز کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ ان کے بقول تمام کوچز کھلاڑیوں کے ساتھ انتہائی باریک بینی اور تفصیل سے کام کر رہے ہیں، جس کے مثبت نتائج مستقبل میں سامنے آئیں گے۔

Exit mobile version