پاکستان کا اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز تقاریر کے خلاف عالمی سطح پر مؤثر اور مضبوط اقدامات کی ضرورت پر زور

پاکستان نے اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز تقاریر کے خلاف عالمی سطح پر مؤثر اور مضبوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

یہ مطالبہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے پانچویں بین الاقوامی دن کے موقع پر منعقدہ اعلیٰ سطحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ اسلاموفوبیا دنیا بھر میں نفرت انگیز تقاریر کی سب سے خطرناک اور سنگین شکلوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مسلمانوں، ان کی شناخت، مذہبی علامات اور عبادت گاہوں کے خلاف حملے اور مذہبی آزادیوں پر پابندیاں کئی معاشروں میں عدم برداشت اور سماجی تقسیم کو فروغ دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی نفرت، تعصب اور امتیازی سلوک کے خلاف اپنی دیرینہ پالیسی پر کاربند ہے اور اس سلسلے میں عالمی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

پاکستانی مندوب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان نفرت انگیز تقاریر اور تعصب کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نفرت کے خلاف جدوجہد مستقبل کی نسلوں، مشترکہ انسانی اقدار اور تہذیب کے تحفظ کے لیے ایک اخلاقی ذمہ داری ہے۔

Exit mobile version