بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے راولپنڈی میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں معزز شخصیات نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس سے قبل بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی الگ الگ ملاقات کی۔نیول ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر توجہ مرکوز کی گئی۔
بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے خطے میں تعاون پر مبنی میری ٹائم سکیورٹی کو آگے بڑھانے میں پاک بحریہ کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے خطے کی بحری سکیورٹی مستحکم کرنے کے طور پر اس کے کردار کی تعریف کی۔
ائیر ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کے دوران چیف آف دی ائیر سٹاف نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں پر روشنی ڈالی جن میں صلاحیتوں میں اضافہ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ملکی سطح پر ہتھیاروں کی تیاری اور جدید تربیتی اصلاحات شامل ہیں۔
بحرینی کمانڈر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اقدامات اور مقامی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے تربیت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور استعداد کار بڑھانے کے اقدامات میں مزید تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
