فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے شعبۂ تعلیم کے زیر اہتمام منعقدہ پالیسی مکالمے میں شرکت کی، جس کا موضوع تھا “پالیسیوں کے ذریعے تعلیم کو سب کیلئے مساوی کیسے بنایا جا سکتا ہے؟”
پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یونیسکو کے تعلیمی ایجنڈے کا خاکہ پیش کیا اور کہا کہ یونیسکو پالیسی رہنمائی، تکنیکی تعاون اور جامع تعلیمی نظام کی معاونت کے ذریعے تعلیم تک رسائی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے شرکاء کو تعلیم میں مساوات اور رسائی کے فروغ کیلئے یونیسکو کی کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت اور تعلیم کیلئے جدید مالی وسائل کی تلاش سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ تعلیمی پالیسیوں میں ہم آہنگی اور مؤثر رابطوں کیلئے پالیسی سازوں، ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی کے درمیان مکالمہ انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے اسکول سے باہر بچوں کے مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے پاکستان کے ایجوکیشن ایمرجنسی پلان سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا، جس کا مقصد تعلیم تک رسائی میں اضافہ، بنیادی تعلیم کو مضبوط بنانا، ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینا اور بچیوں کی تعلیم کو بہتر بنانا ہے۔
