پاکستان چین کا عالمی نظام کے فروغ کیلئے قربی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

پاکستان اور چین نے کثیرالجہتی تعاون، پُرامن بقائے باہمی، باہمی احترام اور قواعد پر مبنی عالمی نظام کے فروغ کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے آج نیویارک میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔

ملاقات میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ چین، پاکستان کے ساتھ تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کو مزید مضبوط، روایتی دوستی کو آگے بڑھانے اور ہمہ جہتی تعاون کو گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔

وانگ یی نے اس بات پر زور دیا کہ چین نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی حامل چین پاکستان برادری کی تعمیر کو مزید تیز کرنے کیلئے پُرعزم ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کیلئے زیادہ مفید ثابت ہوں اور خطے میں امن و سلامتی کو فروغ ملے۔

دونوں ممالک نے پاکستان چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے اور آئندہ نسلوں کیلئے دوستی کے رشتے کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس اہم سنگ میل کو اعلیٰ سطحی دوروں، مشترکہ تقاریب اور یادگاری سرگرمیوں کے ذریعے بھرپور انداز میں منایا گیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کے 23 سے 26 مئی تک ہانگژو اور بیجنگ کے حالیہ دورۂ چین کا بھی ذکر کیا، جس میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ اقتصادی تعاون، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور دوطرفہ شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ بیجنگ میں پاکستان چین پولیٹیکل پارٹیز فورم اور سی پیک جوائنٹ کنسلٹیٹو میکانزم کے حالیہ اجلاسوں نے پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اسحاق ڈار نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی وقار اور آزادانہ ترقی کے راستے کیلئے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی استحکام کی کوششوں، خصوصاً عالمی مالیاتی اداروں میں چین کی معاونت کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ون چائنا پالیسی پر مضبوطی سے قائم رہے گا اور چین کے بنیادی قومی مفادات سے متعلق امور پر اس کی حمایت جاری رکھے گا۔

اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر نیویارک کے دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اس مباحثے میں شرکت کی جس کا موضوع “بین الاقوامی امن و سلامتی کا قیام، اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد و اصولوں کا تحفظ اور اقوام متحدہ کے مرکزی عالمی نظام کو مضبوط بنانا” تھا۔

انہوں نے آج عالمی طرز حکمرانی سے متعلق گروپ آف فرینڈز کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جس کا موضوع “عالمی طرز حکمرانی میں اصلاحات اور بہتری، عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں” تھا۔ اجلاس کی صدارت چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کی۔

Exit mobile version