فیڈرل کانسٹیبلری کے 200 اہلکار سعودی عرب میں تربیت حاصل کریں گے

فیڈرل کانسٹیبلری کے سفارتی تحفظ کے خصوصی یونٹ کے دو سو اہلکار سعودی عرب میں تربیت حاصل کریں گے۔یہ فیصلہ وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود کے درمیان آج سعودی عرب کے شہر منٰی میں ملاقات کے دوران ہوا۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیاگیا کہ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کا اعلیٰ سطح کا وفد دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کیلئے جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

ملاقات کے دوران پاکستان، سعودیہ دوطرفہ تعلقات اور باہمی سلامتی کے تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔دونوں وزراء نے تازہ ترین علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔سعودی وزیرداخلہ نے علاقائی کشیدگی میں کمی لانے میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔محسن نقوی نے حج کے دوران سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے کئے گئے بہترین انتظامات کی تعریف کی۔

Exit mobile version