اسلام آباد میں عیدالاضحیٰ کے ایام میں ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں صفائی ستھرائی اور مانیٹرنگ کا جامع آپریشن جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور فیلڈ افسران شہر کے مختلف علاقوں میں موجود ہیں جبکہ آپریشن کی نگرانی خود ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کر رہے ہیں۔
عوامی شکایات کی فوری نگرانی اور ازالے کیلئے 1334 کنٹرول روم اور عیدالاضحیٰ ٹریکر سسٹم کے ذریعے ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق صبح سے موصول ہونے والی 260 شکایات میں سے 250 کو فوری طور پر حل کردیا گیا ہے جبکہ باقی شکایات پر کام جاری ہے۔
شہر بھر میں آلائشوں اور جانوروں کے فضلے کو اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی آپریشن کامیابی سے جاری ہے، جبکہ ٹیمیں گھر گھر پہنچ کر منظور شدہ حکمت عملی پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے صفائی آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے یا کھلی جگہوں پر جانوروں کی آلائشیں پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ بھی دی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1334 پر اطلاع دیں۔
