عیدالاضحیٰ 2026: مویشی منڈیوں میں اب کیش نہیں! راست QR کوڈ سے فوری ادائیگی

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشیوں کی خرید و فروخت اپنے عروج پر ہے، جبکہ حکومتِ پاکستان اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کیلئے مویشی منڈیوں میں “راست کیو آر کوڈ” سروس متعارف کرا دی گئی ہے۔ ایزی پیسہ کی جانب سے شروع کی گئی اس سہولت کے ذریعے خریدار اب نقد رقم ساتھ رکھے بغیر موبائل فون سے فوری اور محفوظ ادائیگی کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد کی مویشی منڈیوں سمیت ملک بھر کی بڑی منڈیوں میں راست کیو آر کوڈ نصب کیے گئے ہیں تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو آسان، محفوظ اور کیش لیس لین دین کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق ہر سال عیدالاضحیٰ کے دوران تقریباً 500 ارب روپے کے مویشیوں کی خرید و فروخت ہوتی ہے، جس کا بڑا حصہ نقد لین دین پر مشتمل ہوتا ہے۔

ایزی پیسہ کے چیف بزنس آفیسر شہزاد خان کے مطابق اسٹیٹ بینک کے تعاون سے اس سال ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں راست کیو آر کوڈ متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے کسی بھی بینک اکاؤنٹ سے فوری ادائیگی ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں میں بڑی مقدار میں نقد رقم رکھنا خریداروں اور بیوپاریوں دونوں کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ ڈیجیٹل بینکنگ محفوظ اور سہل متبادل فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایزی پیسہ کے ذریعے راست ٹرانزیکشن پر کسی قسم کے اضافی چارجز عائد نہیں کیے جا رہے۔

مویشی منڈیوں میں موجود بیوپاریوں نے بھی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نقد رقم سنبھالنا ہمیشہ ایک بڑا مسئلہ رہا ہے اور چوری یا گم ہونے کا خدشہ موجود رہتا تھا، تاہم راست کیو آر کوڈ کے ذریعے خرید و فروخت کا عمل نہ صرف آسان بلکہ زیادہ محفوظ بھی ہو گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر بڑھتی مہنگائی کے باعث شہریوں کیلئے کیش لیس ادائیگی ایک بڑی سہولت ثابت ہو سکتی ہے، جبکہ یہ اقدام حکومت کے ڈیجیٹل اور کیش لیس معیشت کے وژن کو بھی تقویت دے گا۔

Exit mobile version