پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے

دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں مسلمان، جن میں بڑی تعداد پاکستانی عازمینِ حج کی بھی شامل ہے، حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ حج کے مناسک پیر کے روز سے شروع ہوں گے۔ رواں سال پاکستان کا حج کوٹہ 179,210 مقرر کیا گیا ہے، جن میں سے اکثریتی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔عازمینِ حج 7 اور 8 ذوالحج کی درمیانی شب منیٰ روانہ ہوں گے جہاں سے حج کے باقاعدہ مناسک کا آغاز ہوگا۔

سعودی حکام کی جانب سے تمام حجاج کے لیے مکتب مختص کر دیے گئے ہیں اور ہر حاجی کو اپنے متعلقہ خیمے اور مکتب میں قیام کرنا ہوگا۔ مکتب انتظامیہ نے عازمین کی رہائش گاہوں پر شناختی رِسٹ بینڈ بھی تقسیم کر دیے ہیں۔پاکستان حج مشن کے انتظامات کے تحت منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں پاکستانی حجاج کو روزانہ تین وقت کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان کو منیٰ کے زون 2، 4 اور 5 میں مجموعی طور پر 37 مکتب الاٹ کیے گئے ہیں۔

تقریباً 60 فیصد پاکستانی حجاج مشاعر کے دوران ٹرین سروس استعمال کریں گے جبکہ باقی عازمین کے لیے بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں موجود حجاج کو ہر ممکن رہنمائی اور سہولت فراہم کرے گا۔عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید گرمی اور پانی کی کمی سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں اور چھتری کا استعمال یقینی بنائیں۔

مزید برآں، حجاج کو مشاعر میں قیام کے دوران صرف ایک شولڈر بیگ ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کسی بھی مشکل یا رہنمائی کے لیے عازمین حج معاونین سے رابطہ کر سکتے ہیں یا ٹول فری ہیلپ لائن 8002450028 پر کال کر سکتے ہیں۔

Exit mobile version