اللہ کے مہمانوں کی خدمت ایک عظیم اعزاز اور بھاری ذمہ داری ہے، سردار محمد یوسف

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے مشاعر کے دنوں میں حج ویلفیئر عملے کی کارکردگی کی سخت نگرانی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔قومی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق  خدام الحجاج، مکتب منتظمین (ناظمین) اور سیزنل ڈیوٹی اسٹاف (SDS) سمیت تمام عملے کی نگرانی کلیدی کارکردگی مانیٹرنگ سسٹم کے تحت انتہائی مؤثر اور فعال انداز میں کی جائے گی تاکہ حجاج کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور رہنمائی کے معیار کا جائزہ لیا جا سکے۔

مکہ مکرمہ میں آج ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستانی حجاج کو بہترین رہنمائی اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت ایک عظیم اعزاز اور بھاری ذمہ داری ہے، لہٰذا کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے بھی سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت میں کسی بھی قسم کی لاپروائی یا غفلت کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

Exit mobile version