وزیراعظم کا سالڈ ویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کیلئے جامع روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد سمیت ملک بھر میں صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جدید اور پائیدار نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے سالڈ ویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کیلئے جامع روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے سالڈ ویسٹ سے توانائی بنانے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل تجویزکرنے کیلئے ٹاسک فورس بنانے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ٹاسک فورس جدید ٹیکنالوجی اور عالمی تجربات کی روشنی میں سفارشات مرتب کرے گی۔

وزیراعظم نے مجوزہ ٹاسک فورس میں نجی شعبے اور بین الاقوامی شہرت کے ماہرین کی شمولیت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ سے توانائی پیدا کرنے سے درآمدی ایندھن پر انحصار مزید کم ہو گا اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ایک بہتر نظام سے کاربن فٹ پرنٹ میں بھی خاطر خواہ کمی ممکن ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے توانائی کے ماحول دوست قابل تجدید ذرائع استعمال میں لانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر احسن اقبال، علی پرویز ملک، اویس احمد خان لغاری، وزیراعظم کے مشیران رانا ثنا اللہ اور محمد علی کے ساتھ ساتھ متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

Exit mobile version