ڈھاکہ میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے افتتاحی روز پاکستان کے بولرز نے چار وکٹیں حاصل کیں تاہم میزبان بنگلہ دیش نے مضبوط بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85 اوورز میں 301 رنز بنائے اور چار وکٹوں کے نقصان پر دن کا اختتام کیا۔
شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ابتدائی کامیابی دلاتے ہوئے محمود الحسن جوئے کو 8 رنز پر آؤٹ کیا۔ اس کے بعد حسن علی نے شادمان اسلام کو 13 رنز پر پویلین واپس بھیجا، یوں بنگلہ دیش کی دو وکٹیں 31 رنز پر گر گئیں۔
اس کے بعد میزبان ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے تیسرے وکٹ کے لیے 170 رنز کی بڑی شراکت قائم کی۔ کپتان نجم الحسین شانتو نے شاندار 101 رنز بنائے جس میں 12 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ وہ بعد میں محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جہاں پاکستان نے ڈی آر ایس کے ذریعے فیصلہ تبدیل کروایا۔
مومن الحق نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 200 گیندوں پر 91 رنز بنائے اور اسپنر نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 22 اوورز میں 51 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی اور سات میڈن اوورز بھی کرائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 67 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ حسن علی اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ لی۔
دن کے اختتام پر مشفیق الرحیم 48 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ لٹن داس 8 رنز پر کریز پر موجود تھے۔ آخری سیشن میں بنگلہ دیش نے ایک وکٹ کے نقصان پر 100 رنز بنائے۔
اس سے قبل پاکستان نے دو کھلاڑیوں اذان اویس اور عبداللہ فضل کو ٹیسٹ کیپ دی۔
