پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کراچی سے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے لیے روانہ ہو گئی ہے، جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 8 مئی سے ڈھاکہ کے شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، جبکہ دونوں ٹیمیں دوسرے ٹیسٹ کے لیے سلہٹ جائیں گی، جو 16 سے 20 مئی تک کھیلا جائے گا۔
پاکستانی اسکواڈ کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ فضل، عماد بٹ، اذان اویس، بابر اعظم، حسن علی، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
یہ 2021 کے بعد پاکستان کا بنگلہ دیش میں پہلا ٹیسٹ دورہ ہوگا، جہاں اس سے قبل پاکستان نے میزبان ٹیم کو 2-0 سے شکست دی تھی۔ تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2024 میں راولپنڈی میں کھیلی گئی تھی، جس میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 2-0 سے شکست دے کر اپنی تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
